گاجر کے طبی فائدے


قدرت نے گاجر میں بے شمار شفاء بخش اور غذائی اجزاء کا ذخیرہ رکھا ہے جس کی وجہ سے گاجر دنیا بھر میں وسیع پیمانے پر استعمال ہوتی ہے۔ اس کی جڑ ٫ تنا ٫ پتے اور بیج ہربل ادویات میں استعمال ہوتے ہیں۔ گاجر میں پائے جانے والے نامیاتی اور غیر نامیاتی مرکبات جیسے کیروٹین ٫ نیاسین ٫ کومارین ٫ فائبر ، اینٹی آکسائیڈنٹس ، پوٹاشیم ، وٹامن اے ٫ وٹامن سی ، وٹامن کے اور وٹامن بی کمپلیکس کی وجہ سے طب کے میدان میں گاجر کی بہت اہمیت ہے۔
گاجر کے چند طبی فوائد درج ذیل ہیں ۔
1 گاجر دل کی بیماریوں کی روک تھام کیلئے مفید ہے۔
آپ جانتے ہیں کہ خون میں کولیسٹرول کی مقدار کا زیادہ ہونا دل کی بیماریوں کا باعث بنتا ہے۔ گاجر کے مسلسل استعمال سے خون میں کولیسٹرول کا لیول کم ہوتا ہے جس سے انسان دل کی بیماریوں سے کافی حد تک محفوظ رہتا ہے۔ طبی ماہرین کے مطابق تین ہفتے تک گاجر کے مسلسل استعمال سے خون میں کولیسٹرول کا لیول گیارہ فیصد تک کم ہو جاتا ہے جس سے دل کی بیماریوں اور دل کے عارضہ کے چانس بہت کم ہو جاتے ہیں۔ ہائی بلڈ پریشر بھی دل کی بیماریوں کا باعث بنتا ہے اور سائنسی تحقیق اس بات کی نشان دہی کرتی ہے کہ گاجر میں پایا جانے والا ایک مادہ کومارین Coumarin بلڈ پریشر کم کرتا ہے جس سے دل کئی ایک بیماریوں سے محفوظ رہتا ہے۔ گاجر میں موجودپوٹاشیم بھی خون کی نالیوں کو کشادہ اور نرم کرتا ہے جس سے خون کا بہاؤ آسان اور خون کا دل پر دباؤ کم ہو جاتا ہے اور اس طرح دل کئی بیماریوں سے محفوظ رہتا ہے۔
2 گاجر آنکھوں کے امراض کی روک تھام کےلیے مفید ہے ۔
طبی ماہرین کی تحقیق کے مطابق انسانی جسم میں وٹامن اے کی کمی آنکھوں کی بینائی کی کمزوری کا باعث بنتی ہے اور مریض کو کم روشنی یا رات کے وقت نظر نہیں آتا ۔ گاجر کیونکہ وٹامن اے کا ایک اچھا ذریعہ ہے اس لیے گاجر کے مسلسل استعمال سے آنکھوں کی بینائی کو تقویت ملتی ہے ۔
3 گاجر نظام انہظام کےلیے مفید ہے۔
گاجر میں غذائی ریشے Dietary Fibers وافر مقدار میں پائے جاتے ہیں۔ یہ غذائی ریشے خوراک کو نرم رکھتے ہیں جس سے نظام انہظام کے راستوں Digestive Tract میں خوراک کی نقل و حرکت آسان ہو جاتی ہے۔ غذائی ریشے معدے میں گیسٹرک جوس پیدا کرنے والے غدود Gastric Glands کو ذیادہ سے ذیادہ گیسٹرک جوس پیدا کرنے کےلیے اکساتے ہیں۔ یہ گیسٹرک جوس خوراک ہضم کرنے والے انزائمز کو سرگرم کرتا ہے۔ اس طرح گاجر کا استعمال نظام انہظام کےلیے بہت مفید ہے۔